قبائلی اضلاع

خیبر، علی مسجد کی بچیاں پانچویں جماعت سے آگے بھی پڑھنا چاہتی ہیں مگر۔۔

مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہےکہ علی مسجد میں مڈل و ہائی سکول ہی تعمیر نہ کیے جائیں بلکہ وہاں خاطر خواہ عملہ بھی تعینات کیا جائے تاکہ ان کی بچیوں کا سلسلہ تعلیم پانچویں جماعت سے آگے بھی بڑھ سکے۔

ظاہر شاہ سے

قبائلی ضلع خیبر کے علاقے علی مسجد کی بچیاں پرائمری پاس کرنے کے بعد مڈل اور ہائی سکول کی عدم موجودگی کے باعث گھر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق علی مسجد میں طالبات کیلئے ایک مدل سکول ضرور تعمیر کیا گیا ہے تاہم وہاں تاحال عملہ تعینات نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے سکول میں تعلیم و تعلم کا سلسلہ شروع نہیں کیا جا سکا۔

مقامی لوگوں کے مطابق تین کمرون پر مشتمل گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جہانگیر کلے میں کم از کم آٹھ سو طالبات زیرتعلیم ہیں جبکہ انہیں پڑھانے کیلئے محض تین لیڈی ٹیچرز ہی تعینات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سکول ہٰذا کو اپ گریڈ کرنے کو تیار ہے نہ درکار عملہ مہیا کرنے پر راضی جس کی وجہ سے علاقے میں خواتین کی شرح خواندگی انتہائی کم ہے۔

انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ علی مسجد میں مڈل و ہائی سکول ہی تعمیر نہ کیے جائیں بلکہ وہاں خاطر خواہ عملہ بھی تعینات کیا جائے تاکہ ان کی بچیوں کا سلسلہ تعلیم پانچویں جماعت سے آگے بھی بڑھ سکے۔

ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں ایک مقامی شخص کا کہنا تھا کہ علاقے کے صاحبان ثروت اپنی بچیوں کو نجی یا جمرود کے دور دراز علاقوں میں واقع سکولوں کو بھیجتے ہیں تاہم یہاں کی اکثریت عسرت و تنگدستی کا شکار ہے اور ان کی ایسی بساط نہیں ہے کہ اول الذکر کی پیروی کر سکے۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں کا معاملے کی بابت کہنا تھا کہ علی مسجد میں تعمیر کردہ مڈل سکول تاحال ان کے حوالے نہیں کیا گیا اور جب کر دیا جائے تو عملہ بھی وہاں فوری طور تعینات کر دیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button