وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت فاٹا اصلاحاتی عمل کے حوالے سے اجلاس، انتظامی و قانونی پیشرفت کا جائزہ
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا کیلئے نیا نظام قبائلی عوام سے صلاح مشورے کے ساتھ وضع کیا جائے گا جبکہ ان کی خواہشات اور مرضی کے مطابق نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

سٹیزن جرنلسٹ اکبر علی سے
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت فاٹا اصلاحاتی عمل کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اب تک کی انتظامی اور قانونی پیش رفت اور اس سلسلے میں تاحال کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا کیلئے نیا نظام قبائلی عوام سے صلاح مشورے کے ساتھ وضع کیا جائے گا جبکہ ان کی خواہشات اور مرضی کے مطابق نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فاٹا کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے جبکہ حکومت اس امر کا خیال رکھے گی کہ انتظامی اقدامات سے کسی کی نوکری یا روزگار متاثر نہ ہو۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کیلئے پیکج میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر احکامات جاری کیے کہ قبائلی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا سکول، کالجز اور جامعات میں قبائلی عوام کیلئے مختص کوٹے کا خیال رکھا جائے گا جبکہ قبائلی علاقوں میں صحت، تعلیم اور خصوصاَ لڑکیوں کے سکولوں کی حالت بہتر بنانے کی کوششوں میں تیزی لائی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان، گورنر شاہ فرمان، وزیر خزانہ اسد عمر۔ وزیرقاننون فرخ نسیم۔ مذہبی امور کے وزیر نورالحق قادری اور وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے بھی شرکت کی۔