مہھمند ایجنسی شدت پسندی کی لپیٹ میں، کرفیو نافذ، سرچ اپریشن جاری

وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا
سیکیورٹی فورسز نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا جبکہ علاقے میں فورسز کا گشت مزید بڑھا دیا گیا ہے. کرفیو کے نفاذ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کا آغاز کردیا. کرفیو کے دوران ایجنسی بھر کے تمام تعلیمی و تجارتی مراکز بند رہیں گے جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں. پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ ایجنسی میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کیا گیا.
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے مہمند ایجنسی میں 2 مقامات پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں خاصہ دار فورس کے 9 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے. مہمند ایجنسی میں حملوں کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے الگ ہو کر شدت پسند تنظیم داعش کی حمایت والے عسکریت پسند گروہ جماعت الاحرار نے قبول کی تھی.