قبائلی اضلاع

نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں 702 سیکرٹریز بھرتی کرنے کا فیصلہ

محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے قبائلی اضلاع میں 702 سیکرٹریز بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ معاون بلدیات و اطلاعات کامران بنگش کے مطابق مذکورہ سیکرٹریز ویلج کونسل کی سطح پر لئے جا رہے ہیں، قبائلی اضلاع میں خدمات کی بہترین فراہمی کے لئے محلہ و گاؤں کی سطح پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے ایٹا کے ذریعے بھرتی عمل کا آغاز ہو چکا ہے، نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر تمام امور جلد نمٹائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ریسکیو 1122کے تحت بھی ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مختلف نوعیت کی 1816 نئی آسامیاں تخلیق کی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 1193آسامیوں پر بھرتی کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ آسامیوں پر بھرتی کے لئے تحریری امتحانات کا شیڈول جاری کردیا گیا اور اگلے چند ہفتوں کے اندر محکمانہ بھرتی کا عمل مکمل کر لیا جائیگا۔ ان نئی آسامیوں میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ اٹھارہ تک کی مختلف آسامیاں شامل ہیں۔

یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں محکمہ ریلیف کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ محکمے کے تحت ضم شدہ اضلاع کے لئے تخلیق کردہ نئی آسامیوں کی تفصیلات پر بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ ان آسامیوں میں گریڈ اٹھارہ کی سات، گریڈ سترہ کی تیرہ، گریڈ سولہ کی دو سو بائیس، گریڈ چودہ کی چھبیس، گریڈ بارہ کی 476، گریڈ گیارہ کی 140، گریڈ چھ کی 508، گریڈ پانچ کی 20، گریڈ دو کی 26اور گریڈ ایک کی 160آسامیاں شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button