کھیل

خوف غالب آگیا تو جیت مشکل ہوجائے گی۔ سرفراز احمد کو عمران خان کا مشورہ

 

وزیراعظم عمران خان نے قومی ورلڈ کپ سکواڈ سے ملاقات کی ہے اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جیت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بنی گالہ میں قومی ٹیم کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا، سرفراز احمد کو قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے خود ذمہ داری کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کپتان سرفراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تم خود دلیر ہوگے تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی، کسی چیز کا خوف نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگر خوف غالب آگیا تو جیت مشکل ہوجائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ قوم کے سفیر ہیں، جبکہ پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں۔ اپنی صلاحیتوں، سپورٹس مین سپرٹ اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کمزوریوں کے باوجود اپنے بے مثال جذبہ کی بدولت ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

عمران خان نے کہا کہ چیمپیئن جیت کا بھرپور جذبہ لے کر اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں، ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے جنید خان، فہیم اشرف اور حسن علی سمیت بولرز کو کارکردگی بہتر بنانے کیلیے مفید مشورے بھی دیے۔

عالمی کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے والے محمد عامر کو بھی وزیراعظم نے ٹپس دیں اور کہا کہ 30 سال میں جسم ڈھل جاتا ہے، اپنے آپ کو فٹ رکھو۔

ٹیم کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور مینجمنٹ کے ارکان بھی موجود تھے، پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر ہیڈ کوچ سمیت غیر ملکی کوچز نے قومی لباس زیب تن کیا ہوا تھا جبکہ سرفراز احمد نے 1992 کے کپتان کو ’’بیٹ‘‘ کا تحفہ بھی پیش کیا۔

خیال رہے کہ عمران خان نہ صرف بطور کپتان ملک کی نمائندگی کرنے والے بلکہ ورلڈ کپ جیتنے والے دنیا کے واحد وزیراعظم ہیں۔

علاوہ ازیں 1992 ورلڈ کپ میں عمران خان کی زیرقیادت اہم کردار ادا کرنے والے انضمام الحق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر ہیں جو اپنی منتخب کردہ ٹیم سے ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button