زلمی فاؤنڈیشن کا چین اور آسٹریا کے بعد ترکی میں کرکٹ کو فروغ دینے کا اعلان
اس سلسلے میں پشاور زلمی فاؤنڈیشن اور ترکش ڈویلپنگ سپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان باقاعدہ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں دو ترک کھلاڑی بھی پشاور زلمی ٹیم کی نمائندگی کریں گے جبکہ زلمی فاؤنڈیشن چین اور آسٹریا کے بعد ترکی میں بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کرے گی۔
اس سلسلے میں پشاور زلمی فاؤنڈیشن اور ترکش ڈویلپنگ سپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان باقاعدہ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔
اسلام آباد میں اس حوالے سے باقاعدہ ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی اور پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مصطفیٰ یرداکل کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی فاؤنڈیشن چین اور آسٹریا کی طرح ترکی میں بھی کرکٹ کو فروغ دے گی اور اس سلسلے میں ترک میل فی میل کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر کرکٹ کٹس کے ساتھ ساتھ کوچز اور امپائرز بھی فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے پی ایس ایل میں دو ترک کھلاڑی زلمی ٹیم کا حصہ ہوں گے جس سے انہیں عالمی سطح پر کرکٹ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
جاوید آفریدی کے مطابق ترکی کے ساتھ کرکٹ معاہددے کا مقصد دوست ملک کی نوجوان نسل میں کرکٹ ٹیلنٹ اجاگر کرنا اور اے کرکٹ کا ماحول مہیا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز پشاور زلمی نے پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے زلمی فاؤنڈیشن قائم کی ہے جس کے زیراہتمام خیبرپختونخوا میں اب تک زلمی ٹیلنٹ ہنٹ، زلمی آزادی کپ، زلمی سکول لیگ اور زلمی مدرسہ لیگ سمیت کئی ایونٹس منعقد کیے جاچکے ہیں۔