ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کاپاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔
پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن گروئن انجری سے صحت یاب ہو کر اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس پر سب کی نظریں ہوں گی، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار پرفارمنس دی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان ٹیم کا سخت مقابلہ کیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈرا رہے۔
توقع ہے کہ میچ میں پاکستان 6 بیٹسمینوں، ایک وکٹ کیپر، دو اسپنرز یاسر شاہ اور بلال آصف جبکہ دو فاسٹ بولروں محمد عباس اور حسن علی کے ساتھ کھیلے گا۔
ننگز کا آغاز امام الحق اور محمد حفیظ کریں گے۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم شامل ہیں۔ محمد عباس نے گذشتہ سال اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ دس ٹیسٹ میچوں میں59 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔
یاسر شاہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میں 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں لیکن سرفراز احمد کو یاسر سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری بولنگ بہت اچھی ہے۔عباس بہت اچھی فارم میں ہیں۔لیکن مجھے یاسر سے مزید اچھی بولنگ کی توقع ہے۔
سرفراز احمد کہتے ہیں کہ ہم نیوزی لینڈ کو آسان حریف تصور نہیں کرتے۔