پہلی وومن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ میں فاٹا سٹرائیکرز کی فتوحات کا سلسلہ جاری
ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں کھیلے گئے میچ میں فاٹاسٹرائیکرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 216 رنز کا ہدف سیٹ کیا جس کے جواب میں کراچی کوئینز کی پوری ٹیم 39 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

پشاور میں جاری پہلی وومن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ کے اپنے دوسرے میچ میں فاٹا سٹرائیکرز نے کراچی کوئینز کو 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔
ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں کھیلے گئے میچ میں فاٹاسٹرائیکرز کی کپتان جویریہ رؤف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 216 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
فاٹا کی جانب سے کپتان جویریہ رئوف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 117رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عائشہ 59 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں۔
کراچی کوئینزکی جانب سے انیلہ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
216 رنز کے تعاقب میں کراچی کوئینز کی ٹیم مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 39 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئنز کی جانب سے صرف بختاور10 رنز بناکر ڈبل فگر تک پہنچیں جبکہ فاٹا سٹرائیکرز کی طرف سے ثناء فاطمہ نے 4، مدیحہ نے 3 جبکہ ماہ نور اور ماریہ خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آج ہی کھیلے گئے دوسرے میچ میں راولپنڈی کی ٹیم نے پشاور پیغلے کو شکست دی۔
پشاور پیغلے کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 46 رنز کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئی۔
پنڈی کی جانب سے کپتان نائلہ نذیر عباسی نے تباہ کن بائولنگ کرتے ہوئے چار جبکہ فاطمہ شاہ نے تین اور سمیرا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواب میں کھیلتے ہوئے پنڈی کی ٹیم نے مطلوہ ہدف بااسانی تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا جس میں نائلہ نذیر عباسی 24 جبکہ مدیحہ 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پشاور پیغلے کی طرف سے عائشہ اور ثناء لیاقت نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواتین کرکٹ لیگ کی آرگنائزر روبینہ صدف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ خیبر پختونخوا بلکہ پاکستان کے تمام شہروں کی خواتین میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے تاہم انہیں بنیادی سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ خواتین کیلئے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں گے جسکے لئے ایک پلا ن ترتیب دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پشاور پیغلے اور پنڈی کی ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں اپنے دونوں میچز ہار کر غیر سرکاری تنظیم کیوکشن کائی کے زیراہتمام منعقدہ اپنی نوعیت کے اس پہلے ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔