میرانشاہ: پیس کپ 2018 کا دوسرا میچ بھی سری لنکن آرمی نے جیت لیا
تین میچز پر مشتمل پیس کپ 2018 کے دوسرے میچ میں سری لنکن آرمی الیون نے پاکستان آرمی الیون کو 31 رنز سے شکست دیدی۔

تین میچز پر مشتمل پیس کپ 2018 کے دوسرے میچ میں سری لنکن آرمی الیون نے پاکستان آرمی الیون کو 31 رنز سے شکست دیدی۔
شمالی وزیرستان کی ہیڈ کوارٹر میرانشاہ کے خوبصورت گراؤنڈ یونس خان اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکن آرمی ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ گزشتہ روز کھیلا گیا۔ سری لنکن ٹیم میں تین انٹر نیشنل کھلاڑی گونارتھنا، مہیش لیانگا اور ریدما بھی شامل تھے۔
سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اورز میں 8 وکٹوں کی نقصان پر 138 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں پاکستان آرمی الیون کی ٹیم 19 ویں اوورز میں 107 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مقامی سطح پر شاندار استقبال کیا گیا اور علاقے کے عمائدین نے تمام مہمان کھلاڑیوں کو روایتی پگڑیاں بھی پہنائی۔ میچ شروع ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی 7 ڈویژن کے میجر جنرل ممتاز حسین سے تعارف کرایا گیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
دوسری جانب یونس خان اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ سکولوں کے بچوں کے علاوہ قبائلی عمائدین، اعلی سول اور فوجی افسران اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر سری لنکن ٹیم کے کپتان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پہلے تو میں بہت گھبرایا ہوا تھا لیکن یہاں آکر یہاں کے لوگوں کی محبت دیکھ کر میں بے خوف ہوگیا میرا تمام تر ڈر اور خوف میرے اندر سے نکل گیا ہے۔