ایشیاء کپ: پاکستان کی بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کی بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا، ابتدائی 5 اوورز میں قومی ٹیم نے 15 رنز بنائے۔
کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ آغاز اچھا ہو اور بڑا مجموعہ کر کے بھارت کو ہرایا جائے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور آج میچ کے لیے مکمل تیار ہیں اس لیے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں اسی طرح بولنگ کرنی ہے جس طرح کرتے آرہے ہیں۔
بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر اور حارث سہیل کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔
بھارتی ٹیم شیکر دھاون، کپتان روہت شرما، امباتی روئیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، روندرا جدیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چاہل اور جیسپرٹ بھمرا پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔
سپر فور مرحلے میں ایشیا کپ کے آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلادیش کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔
آج کے اہم میچ میں جس ٹیم نے کامیابی حاصل کی اس کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائے گی اور ہارنے والی ٹیم کے لیے اگر مگر کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔