کھیل

بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی

 ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

Pakistan-vs-Bangladesh-cricket-whitewash-T20

پاکستان نے مایوس کن انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور خرم منظور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ بدقسمت رہے جب انھیں امپائر نے وکٹ کے اوپر سے جاتی ہوئی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا۔

Pakistan-Vs-Bangladesh-Live-Asia-Cup

ابتدائی تین بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کے لیے گزشتہ میچ میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے عمر اکمل اور سرفراز احمد نے بمشکل اسکور کو 28 رنز تک پہنچایا، عمر اکمل 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔

Pak vs ban

سرفرازاحمد اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ میں 70 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کا اسکور 98 رنز تک پہنچایا۔ شعیب ملک 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاہد آفریدی نے اپنے مداحوں کو ایک دفعہ پھر مایوس کیا اور صفر پر پویلین واپس چلے گئے۔

سرفرازاحمد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور بنگلہ دیشی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انور علی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔ سرفرازاحمد 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الامین حسین نے 3 اور عرفات سنی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Dhaka: Pakistan’s Mohammad Amir, center, celebrates with his teammates the wicket of United Arab Emirates’ Muhammad Kaleem during their Asia Cup Twenty20 international cricket match in Dhaka, Bangladesh, Monday, Feb. 29, 2016. AP/PTI(AP2_29_2016_000288B)

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو پہلا نقصان 13 رنز پر اٹھانا پڑا جب تمیم اقبال 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم سومیا سرکار نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور شبیر رحمٰن کے ساتھ اسکور کو 46 رنز تک لے کر گئے مگر شبیر 14 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سومیا سرکار 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 83 رنز تھا، محمد عامر نے یارکر گیند کے ذریعے ان کی وکٹیں اڑا دیں جبکہ مشفق الرحیم 12 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے۔

bangla

  شکیب الحسن 8 رنز بنا سکے عامر نے جب ان کی وکٹیں بکھیر دیں تو انھوں نے غصے میں اپنا بلاوکٹوں پر دے مارا تاہم امپائر سے معذرت بھی کرلی۔

کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلادی وہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محموداللہ نے 22 رنز بنا کر بنگلہ دیش کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

بنگلہ دیش نے آخری اوور کی پہلی گیند میں 131 رنز بنا کر ہدف کو 5 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button