کھیل

زلمی سے شکست خوردہ کنگز اب قلندر اور یونائٹڈ کے رحم و کرم پر

 پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے بریڈ ہوج کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

کراچی کی جانب سے شاہ زیب حسن اور لینڈل سمنز نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 41 رنز کی اچھی شراکت قائم کی، شاہ زیب حسن آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 18 رنز بنا سکے، دوسری وکٹ 53رنز پر گری جب رکی ویسلز 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

لینڈل سمنز نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وہ 83 کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے کراچی کنگز کے تیسرے کھلاڑی تھے انھوں نے 49 رنز بنائے۔

کراچی کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل خان تھے جنھوں نے عمران خان جونیئرکو ایک خوبصورت چھکا بھی رسید کیا تھا انھیں 147 کے اسکور پر ڈیرن سیمی نے رن آؤٹ کیا.

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹیں گنوائیں اور 152 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا.

پشاور زلمی کی جانب سے ہدف کا آغاز سست تھا جبکہ محمد حفیظ 4 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے. ڈیوڈ مالان اور جم ایلن بے نے سست روی سے بیٹنگ کی اور اسکور کو 5 اوورز میں محض 25 رنز تک پہنچایا اور مالان 11 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

ایلن بے اور ہوج نے اسکور 58 تک پہنچایا تھا کہ ایلن بے بھی ہوج کا مزید ساتھ نہیں دے سکے اور 31 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کا شکار ہوئے.

کپتان شاہد آفریدی بھی خاطر خوا کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور 5 رنز بنا کر بلاول بھٹی کی وکٹ بنے، اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ کراچی کنگز میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگی لیکن بریڈ ہوج نے ناکام بنا دیا.

کامران اکمل نے بریڈ ہوج کا 121 رنز تک ساتھ دیا اور رن آؤٹ ہوکر باہر ہوگئے، جس میں ان کا حصہ صرف 8 رنز کا تھا.

بریڈ ہوج نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروک کھیلے اور پشاورزلمی کو جیت تک لے گئے. بریڈ ہوج 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور ڈیرن سیمی 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.

پشاور زلمی نے 153 رنز کا ہدف ایک اوور اور 3 گیندیں قبل 5 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا.

بریڈ ہوج کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

دبئی میں کھیلا گیا میچ کراچی کنگز کو ٹیم پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر نے کے لیے اہم تھا اب ناکامی کی صورت میں کراچی کی قسمت کا فیصلہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے فیصلے سے ہو گا.

پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button