کھیل

پشاور زلمی کی اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف آسان جیت، پی ایس ایل میں نیا ریکارڈ بن گیا

 پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں میچ میں پشاور زلمی نے با اسانی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر  بولنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 17.1 اوورز میں 118 رنز آل آؤٹ بنائے۔

اسلام آباد کی جانب سے ایلکس ہیلز 47 رنز بناکر نمایاں رہے، پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 4، ثاقب محمود نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پشاور زلمی نے ہدف 17.1 اوور میں ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پشاور کی جانب سے کوہلر 46 اور حیدر علی 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے حسن علی نے دو جبکہ محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گزشتہ روز کے پہلے میچ میں بھی کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 196 رنز کا ہدف باآسانی 19 ویں اوور میں ہی پورا کر لیا۔

ٹورنامنٹ کی خاص بات

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن جاری ہے اور اب تک لیگ کے 10 میچز ہوچکے ہیں۔

فروری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے اب تک ہونے والے 10 میچز کی خاص بات یہ ہےکہ تمام 10 کے 10 میچز میں ٹاس جیتنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔

ہر ٹیم کے کپتان کی خواہش ہے کہ وہ ٹاس جیتے،  اب تک تمام کپتانوں نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ دوسری اننگز جب تک شروع ہوتی ہے اس وقت گراؤنڈ میں اوس گرنا شروع ہوجاتی ہے اورگیندکےگیلا ہونے کے باعث بولرز کو گیند پرکنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے جس کا فائدہ بلے باز اٹھاتے ہیں اور ہدف مکمل کرنا آسان ہوجاتا ہے۔

دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب آسان ہونےکا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اب تک 10 میں سے 4 میچز میں 190 سے زائد کا ہدف مکمل کیا گیا ہے۔

تمام  10میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ہیں جب کہ7 مارچ تک مزید 10 میچزکھیلے جانے ہیں۔

اس حوالے سے شائقین کرکٹ میں تشویش پائی جاتی ہے اور سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بیٹنگ پچز بنائی گئی ہیں اور اوس کے باعث بولرز کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ سے اچھے مقابلے کم دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button