کھیل

تیز ترین سنچری کا قومی ریکارڈ بنوں کے نوجوان بیٹسمین خوشدل شاہ کے نام

بنوں سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بیٹسمین خوشدل شاہ نے ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی پاکستانی کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنادیا۔ انہوں نے راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں خوشدل شاہ نے ایک ایسے موقع پر چوکوں اور چھکوں کی برسات کردی جب سدرن پنجاب کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی۔ 25 سالہ بیٹسمین نے 9 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری کرنے والے پاکستانی بن گئے۔

خوشدل سے قبل یہ اعزاز احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے میچ میں 40 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی۔ خوشدل شاہ کی 35 گیندوں کی سنچری مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچویں تیز ترین سنچری ہے۔

اس سے قبل کرس گیل 30، رشب پنٹ 32، وہان لیوب 33 اور اینڈریو سائمنڈز 34 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بناچکے ہیں۔ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہت شرما بھی 35، 35 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی سنچریاں سکور کرچکے ہیں۔ روہت شرما اور ملر نے یہ سنچریاں انٹرنیشنل میچز میں سکور کی تھیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button