کھیل

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں 90 لاکھ کی انعامی رقم تقسیم ہوگی

 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے  نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے محدود طرز کی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے۔

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباَ  90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہو گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی۔

ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے۔

ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہوگی. ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button