سیاست

بلدیاتی انتخابات: سپیکر قومی اسمبلی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے کلیئر قرار

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جاری کردہ نوٹس خارج کردیا۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسد قیصر کے وکیل نے صوابی کے لیے ای سی پی کے ڈسٹرک مانیٹرنگ افسر (ڈی ایم او) مظہر حسین کو بتایا کہ ان کے مؤکل کی آڈیو کلپ بلدیاتی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے سے پہلے کی ہے۔

یاد رہے کہ ڈسٹرک مانیٹرنگ افسر نے سوشل میڈیا پر ایک کلپ وائرل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کیا تھا۔

کلپ میں اسد قیصر کو صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں سے یہ پوچھتے ہوئے سنا گیا تھا کہ ڈھائی ارب روپے کی ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈر جلد ہی جاری کیے جائیں گے کیونکہ ورک آرڈر پہلے ہی منظور ہو چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحصیل چیئرمین کے انتخاب میں جیت حکمران جماعت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس شکست سے اسے دھچکا لگے گا۔

اسد قیصر کے وکیل محمد علی نے ڈی ایم او کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل اور کچھ ٹیلی ویژن کی چلائی جانے والی گفتگو پرانی ہے اور حالیہ بلدیاتی انتخاب کے دوران ریکارڈ نہیں کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل نے ضلع میں آئندہ بلدیاتی انتخاب کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی اس لیے انہیں جاری کردہ نوٹس بغیر مزید کارروائی کے خارج کیا جائے۔ چنانچہ ڈسٹرک مانیٹرنگ افسر نے ان کی درخواست قبول کر کے معاملہ خارج کردیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button