مولانا سمیع الحق شہید کے سیکرٹری چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جمیعت علمائے اسلام (س) کے سابق امیر مولانا سمیع الحق کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے کیس کی تفتیش میں شامل ان کے سیکرٹری کی گرفتاری ظاہر کردی۔
یاد رہے کہ مولانا سمیع الحق گزشتہ سال 2 نومبر کو راولپنڈی میں اپنی رہائشگاہ پر شہید کر دیے گئے تھے جبکہ چار ماہ قبل راولپنڈی پولیس نے ان کے سیکرٹری سید احمد شاہ کو شامل تفتیش کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران تفتیش سیکرٹری کے بیانات میں تضاد پایا گیا جس پر اسے گرفتار اور بعدازاں مقامی عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا۔
سینئر پولیس ذرائع کے حوالے سے رپورٹس میں کہا گیا کہ ملزم سید احمد شاہ نے اپنے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا کہ وقوعہ کے وقت وہ گھر کا دروازہ باہر سے بند کرکے فلٹریشن پلانٹ سے پانی لینے گیا تھا جبکہ بعد میں بیان دیتے ہوئے اس نے کہا کہ دروازہ بند نہیں کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے عدالت سے ملزم کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے ملزم چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔