طاہر خان داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ تبدیل
اس سلسلے میں چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے باقاعدہ ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل علی راجا کو جے آئی ٹی کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے جس کے بعد 7 رکنی جے آئی ٹی اب باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے گی۔

ایس پی رورل پشاور طاہر خان داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ تبدیل کردیے گئے۔
اس سلسلے میں چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے باقاعدہ ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل علی راجا کو جے آئی ٹی کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے جس کے بعد 7 رکنی جے آئی ٹی اب باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نوٹیفکیشن میں سی آئی اے کے ایس پی گلفام ناصر وڑائچ کو جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایس پی طاہر داوڑ کا قتل چونکہ ہائی پروفائل کیس ہے اس لیے جے آئی ٹی کی سربراہی ایک سینئر اہلکار کو سونپی گئی۔
یہ بھی خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی جے آئی ٹی کا ایک اجلاس ہوا تھا تاہم اس میں پولیس افسران کے علاوہ دیگر حساس اداروں کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ طاہر داوڑ 26 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوگئے تھے جس کے تقریباَ 18 دن بعد افغانستان سے ان کی لاش ملی تھی۔