عاصیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی یقین دہانی، حکومت اور تحریکِ لبیک میں مذاکرات کامیاب
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے حالیہ مظاہروں کے دوران گرفتار کیے جانے والے کارکنان کو رہا کرانے کی یقین دہائی کرائی گئی جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان احتجاج ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک کے رہنماؤں میں 5 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق عاصیہ مسیح کے مقدمے میں عدالتی فیصلے پر مدعا علیہان کی جانب سے دائر نظر ثانی اپیل پر حکومت معترض نہیں ہو گی۔
معاہدے میں طے پایا کہ عاصیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی جبکہ حالیہ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے حالیہ مظاہروں کے دوران گرفتار کیے جانے والے کارکنان کو رہا کرانے کی یقین دہائی کرائی گئی جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔
تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیاں طے پائے جانے والے معاہدے پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق قادری، صوبائی وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری اور تحریک لبیک کے مرکزی ناظم اعلیٰ محمد وحید نور کے دستخط موجود ہیں۔