وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خانم بھی دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک نکلیں
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق علیمہ خانم کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جو ان کے اپنے ملازم کے دعوے کی روشنی میں بذریعہ ای میل بھی بھیجا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم بھی دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک نکلیں۔
سپریم کورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے جمع کردہ پاکستانیوں کے غیرملکی اثاثوں سے متعلق رپورٹ میں علیمہ خان سمیت ملک کی کئی سیاسی وسرکاری شخصیات اوران کے اہل خانہ کے نام دبئی میں جائیدادوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق علیمہ خانم کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جو ان کے اپنے ملازم کے دعوے کی روشنی میں بذریعہ ای میل بھی بھیجا گیا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی فرخ سلیم کی والدہ، پی ٹی آئی رہنما ممتاز احمد مسلم، عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خان، سابق سینیٹر انوربیگ کی اہلیہ، سینیٹر تاج محمد آفریدی، میر حسن تالپور، سابق سینیٹرعمار احمد خان، کسٹمز کلیکٹر شاہد مجید، ایف بی آرافسر واصف خان، سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کی اہلیہ، ڈی آئی جی سہیل حبیب تاجک، سابق ایکسین زاکم خان، کلیکٹر کسٹمز واحد خورشید کی اہلیہ جب کہ مشرف کے سابق سیکرٹری طارق عزیز کی بیٹیاں بھی دبئی میں جائیداد کی مالک نکلیں ہیں۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر مرحوم مخدوم امین فہیم کی اہلیہ رضوانہ امین کے نام بھی 4 جائیدادیں ہیں تاہم انہوں نے ان جائیدادوں کی ملکیت سے انکارکیا ہے جبکہ ان کے ملازم نے نوٹس وصول نہیں کیا۔