قومی

آرمی چیف نے فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 14 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ان دہشت گردوں کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات چلائے گئے اور انہوں نے  مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 14 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے 14 دہشت گردوں کی سزائےموت کی توثیق کی ہے جنیں دہشت گردی کی بھیانک کارروائیوں میں ملوث ہونے پر فوجی عدالتوں نے سزا سنائی تھی۔

بیان میں کہا گیا کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ان دہشت گردوں کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات چلائے گئے اور انہوں نے  مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔

سزائے موت پانے والوں میں ریحان علی، ارشاد احمد، آفرین، احمد حسین، باچا رحمان، محمد مجید، محمد عاقل، سیف اللہ، محمد شیر علی، محمد طارق اور علی رحمان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سزایافتہ دہشت گرد مسلح افواج ، قانو ن نافذ کرنے والے اداروں پرحملوں اور سنگین جرائم سمیت مجموعی طور پر 3 شہریوں اور 19 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ سزائے موت پانے والوں میں پی ٹی ڈی سی مالم جبہ تباہ کرنے والے دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button