قومی

عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی

پارلیمانی کمیٹی میں 15 ارکان کا تعلق حزب اقتدار جبکہ 15 کا حزب اختلاف سے ہے جن میں 10 ارکان سینیٹ اور 20 قومی اسمبلی سے لیے گئے ہیں۔

عام انتخابات 2018 میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

پارلیمانی کمیٹی میں 15 ارکان کا تعلق حزب اقتدار جبکہ 15 کا حزب اختلاف سے ہے جن میں 10 ارکان سینیٹ اور 20 قومی اسمبلی سے لیے گئے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی الیکشن 2018ء میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے ٹرم آف ریفرنس (ٹی او آر) کو حتمی شکل دیگی ضروری اقدامات اٹھانے سمیت ارکان کمیٹی کے اتفاق رائے سے طے پانے والے مقررہ وقت کے اندر رپورٹ مرتب کر کے ایوان میں پیش کی جائے گی۔

پیر کوجاری نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کو برابر نمائندگی دی گئی ہے۔

کمیٹی میں پرویز خٹک وزیر دفاع، شفقت محمود وزیر تعلیم ، شیریں مزاری وزیر برائے انسانی حقوق، فواد احمد وزیر اطلاعات ، چوہدری طارق بشیر چیمہ وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس، سینیٹر محمد اعظم خان سواتی وزیر ہائوسنگ و ورکس، ملک محمد عامر ڈوگر رکن قومی اسمبلی ، محمد اختر مینگل رکن قومی اسمبلی ، سید امین الحق رکن قومی اسمبلی ، غوث بخش رکن قومی اسمبلی ، سردار ایاز صادق رکن قومی اسمبلی ، رانا تنویر حسین رکن قومی اسمبلی ، احسن اقبال رکن قومی اسمبلی ، مرتضیٰ جاوید عباسی رکن قومی اسمبلی ،رانا ثناء اللہ رکن قومی اسمبلی ، راجہ پرویز اشرف رکن قومی اسمبلی ، سید خورشید شاہ رکن قومی اسمبلی ، سید نوید قمر رکن قومی اسمبلی ، امیر حیدر اعظم خان رکن قومی اسمبلی ، عبد الواسع رکن قومی اسمبلی ، سینیٹر محمد علی خان سیف، سینیٹر نعمان وزیر خٹک، سینیٹر ہدایت اللہ ، سینیٹر محمد جاوید عباسی، سینیٹر محمد اسد علی خان جونیجو، سینیٹر محمد عثمان کاکڑ، سینیٹر عبد الرحیم ملک اور سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری شامل ہیں۔

کمیٹی میں کسی بھی ردوبدل کا اختیار سپیکر قومی اسمبلی کو حاصل ہو گا جو الیکشن 2018ء میں دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لے گی اور اپنے ٹی او آر خود تیار کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن اور نادرا سمیت تمام متعلقہ ادارے کمیٹی کے ساتھ تعاون کے پابند ہوں گے۔

حکومت کی جانب سے وزیردفاع پرویز خٹک کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کی تجوہیز پیش کی گئی تھی تاہم اپوزیشن کی جانب سے تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا جائے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ حکومت اپوزیشن کا مطالبہ پورا کرنے کیلئے تیار ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button