ضمنی انتخابات میں شکست کا اندازہ تھا، وزیر اعظم عمران خان
پہلی مرتبہ کسی بھی قسم کی مداخلت کے بغیر مکمل شفاف ضمنی انتخابات ہوئے جس میں حکومت نے کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کی

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ کسی بھی قسم کی مداخلت کے بغیر مکمل شفاف ضمنی انتخابات ہوئے جس میں حکومت نے کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کی، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کا اندازہ تھا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کارکردگی سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضمنی انتخابات میں بعض نشستوں پر شکست کی وجہ پارٹی کے اندرونی اختلافات تھے جبکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاس داری کرتے ہوئے وزرا نے اپنے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اورنہ ہی حکومت نے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔
عمران خان نے کہا کہ وفاقی یا صوبائی حکومتوں نے مداخلت نہیں کی اور پہلی بار مکمل شفاف ضمنی انتخاب کا انعقاد ہوا، عوام کو متحرک کرنے والے رہنما وزارتی امور میں مصروف تھے، ضمنی انتخاب میں شکست کا اندازہ تھا، حکومتی امور میں مصروفیت کی وجہ سے عوام کے ساتھ رابطے میں خلا آیا اور اپوزیشن نے خلا کا فائدہ اٹھایا۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پارٹی ترجمان میڈیا پر پارٹی کا بیانیہ موثر انداز میں پیش کریں، پارٹی رہنما بیانیہ عوام تک پہنچانے کے لیے مسلسل میڈیا سے رابطے رکھیں، وفاقی وزراء پارٹی رہنمائوں کے لیے بریفنگ عام فہم الفاظ میں سامنے لائیں اور تمام وزارتیں اپنی کارکردگی ویب سائٹس پر اپ ڈیٹ کریں