قومی

ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا آج آخری دن، اوورسیز پاکستانی بھی پہلی بار ووٹ دیں گے

الیکشن کمیشن کے مطابق 14 اکتوبر کو قومی اسمبلی کی 10، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9 جبکہ سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی 2،2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں پر ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 14 اکتوبر کو قومی اسمبلی کی 10، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9 جبکہ سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی 2،2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔


ضمنی انتخابات کے لیے اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں سیاسی سرگرمیاں زوروں پر ہے اور آج انتخابی مہم کے آخری روز نامزد امیدوار عوام سے ووٹ مانگیں گے۔

لاہور کے حلقہ این اے 131 میں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر میں مقابلہ ہے جب کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی این اے 124 لاہور سے میدان میں ہیں جن کا مقابلہ پی ٹی آئی کے غلام محی الدین کریں گے۔
کراچی کے حلقہ این اے 243 میں تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، ایم کیو ایم مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت کا حصہ بھی ہے۔

دوسری جانب پشاور کے حلقہ پی کے 78 پر عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ پی کے 78 پر انتخابات عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء ہارون بشیر بلور کی شہادت کی وجہ سے ملتوی کر دیے گئے تھے۔

10 جولائی کو عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خودکش حملے اور ہارون بلور سمیت 20 افراد کی شہادت کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

حکام کے مطابق بیرون ممالک میں مقیم 6 لاکھ 31 ہزار 909 پاکستانیوں نے اپنا ووٹ رجسٹرڈ کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button