افغانستان میں امن پاکستان سمیت پورے خطے کے دیرپا استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ زلمے خلیل زاد
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکہ کے خصوصی نمائندے اور پاکستانی حکام کے درمیان افغان مسئلے کے سیاسی حل اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی اور سینئر سفارتکار زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکہ کے خصوصی نمائندے اور پاکستانی حکام کے درمیان افغان مسئلے کے سیاسی حل اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پاکستان ہی نہیں بلکہ تمام خطے کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
قبل ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وفد کے ساتھ ملاقات میں افغان امن عمل میں پاکستانی کاوشوں کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان افغان تنازعے کے سیاسی حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن کیلئے امریکی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کا استعمال نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈروں کے مابین جامع مذاکرات ہی کے ذریعے اس دیرینہ مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو کی جانب سے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کیے جانے کے بعد زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا پہلا دورہ کیا جہاں دونوں جانب سے سیکیورٹی، دفاع اور سفارتی حکام نے ملاقات کی اور افغانستان سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی واضح رہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکی خصوصی نمائندے سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے جبکہ دو روز قبل وہ کابل میں تھے۔