‘جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کل سے دوبارہ کام شروع کردے گا’
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قونصل خانہ افغان حکومت کی جانب سے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد کھولا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کل (8 اکتوبر) سے دوبارہ کام شروع کردے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قونصل خانہ افغان حکومت کی جانب سے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد کھولا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ جلال آباد قونصل خانہ رواں سال 30 اگست سے بند تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ کابل کے دوران بھی قونصل خانے کی بندش کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جلال آباد قونصل خانے کو ننگرہار کے گورنر کی مداخلت کے بعد بند کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ جلال آباد قونصل خانے میں کل (8 اکتوبر) سے ویزا آپریشن دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلال آباد اور اس کے اطراف رہنے والے کل سے ویزے کے لیے قونصل خانہ میں درخواست دے سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال 30 اگست کو سیکیورٹی انتظامات میں مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا تھا۔
پاکستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صوبہ ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات کی جلال آباد کے قونصل خانے کے سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں بے جا مداخلت کو افسوسناک اور 1963 کے ویانا کنونشن کی مکمل خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔
پاکستانی سفارتخانے نے گورنر کی بے جا مداخلت کو روکنے کے لیے افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا تھا کہ قونصل خانے کی سیکیورٹی جب تک 28 اگست کی پوزیشن پر بحال نہیں ہوگی قونصل خانہ بند رہے گا۔