قائد گرفتار، اپوزیشن جماعتوں کا قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طلب کرنے کا مطالبہ
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کی گئی جس میں شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی گئی کہ شہباز شریف الیکشن سے قبل رہا نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں ایاز صادق کی سربراہی میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے وفد نے اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔
وفد نے اسد قیصر کو شہباز شریف کی گرفتاری پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور قومی اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار آیاز صادق نے کہا کہ مشاورت کے بعد اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرائی اور سپیکر سے اجلاس جلد بلانے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر سے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف کو بھی اجلاس میں شرکت کیلئے طلب کیا جائے اور ان کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے، دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے ہیں سب کیلئے یہ تشویشناک معاملہ ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت کےخلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا نیب نے قائد حزب اختلاف کو صاف پانی کیس میں بلاکر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا جو الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
قومی اسمبلی کے سابق سپیکر کا کہنا تھا کہ جب بھی الیکشن یا ضمنی الیکشن آتا ہے مسلم لیگ ن کی قیادت گرفتارہوتی ہے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کی گئی جس میں شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی گئی کہ شہباز شریف الیکشن سے قبل رہا نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال کیا جائے گا۔