شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی،سیکورٹی ہائی الرٹ، کارکنوں کا شدید احتجاج
لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ ن لیگی کارکنان اور پولیس کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔

لاہور نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کردیا۔
لاہور میں نیب ٹیم شہباز شریف کو لے کر احتساب عدالت پہنچی تو اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پرن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز بھی احتساب عدالت میں موجود تھے۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ ن لیگی کارکنان اور پولیس کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور نیب میں صاف پانی کرپشن کیس میں شہبازشریف بیان ریکارڈ کرانے گئے تھے۔ شہبازشریف پرغیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔ شہباز شریف اپنے جوابات سے نیب کو مطمئن نہ کرسکے تاہم شہبازشریف کو آشیانہ کمپنی کیس میں گرفتار کیاگیا۔
شہباز شریف پر الزام ہے کہ صاف پانی منصوبے میں 50 کروڑ کے واٹر فلٹریشن پلانٹس 150 ارب روپے میں لگائے گئے، منصوبہ 2014ء میں ن لیگ نے شروع کیا تھا، پلانٹس کی تنصیب میں قیمتوں کا غلط تعین اور اندراج کیا گیا، صاف پانی محکمے میں بھرتیاں اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی سفارش پر کی گئی تھیں، اس کیس میں راجہ قمر الاسلام پر 84 پلانٹس کا ٹھیکہ مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔
شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے کامیاب بولی دینے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے کاسا ڈیولپرز کو 6 گنا مہنگا ٹھیکہ دیا، سب سے کم بولی لطیف اینڈ سنز نے دی تھی، کاسا ڈیولپرز پیراگون بلڈرز کی ذیلی کمپنی ہے۔