‘پاکستان اورامریکہ کے درمیان تعلقات میں خاطرخواہ پیشرفت ہوئی ہے’
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان تعلقات میں موجودہ حکومت کے دور میں خاطرخواہ پیشرفت ہوئی ہے۔
واشنگٹن میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی شمولیت کے بغیر افغانستان میں کوئی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ انہوں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران عالمی رہنمائوں ،تھنک ٹینکس اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے متعدد ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر پاکستان کاموقف موثرانداز میں پیش کیا
۔ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہاکہ ان کے دورے کے دوران ان کی آئی ایم ایف حکام سے کوئی ملاقات طے نہیں تھی، تاہم انہوں نے کہاکہ عالمی بنک کے رہنمائوں کو ملک میں پانی کے موجودہ بحران پرپاکستا ن کے موقف سے آگاہ کیا۔شاہ محمودقریشی نے امریکی کانگریس کے ارکان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی