وزیر اعظم عمران خان نےقبائلی اضلاع کے ایم این ایز کا اجلاس بلایا ہے
اجلاس میں قبائلی اضلاع سے متعلق قانونی، انتظامی امور سمیت دیگر اہم معاملات پر مشاورت کی جائیگی

وزیر اعظم عمران خان نے آج اسلام آباد میں قبائلی اضلاع سے منتخب ایم این ایز کا اجلاس بلایا ہے، اجلاس میں قبائلی اضلاع سے متعلق قانونی، انتظامی امور سمیت دیگر اہم معاملات پر مشاورت کی جائیگی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پچھلے مہینے فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد اور انضمام کے عمل کے لئے ایک ٹاسک فورس قائم کیا ہے جو انضمام کے عمل میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا اور اسی حوالے سے حکومت کو سفارشات مرتب کرے گا۔ اس ٹاسک فورس میں قبائلی اضلاع سے منتخب ایم این ایز بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پچھلی حکومت نے اپنی اقتدار کے آخری ایام میں فاٹا کے علاقے خیبر پختونخواہ صوبے کیساتھ ضم کردئیے تھے اور اس کے لئے قانون سازی بھی کی تھی لیکن ماہرین کے مطابق قانون سازی سے قطع نظر اس سارے عمل میں حکومت کو نئے قبائلی اضلاع کے اندر انتظامی اور عدالتی امور سمیت کئی قسم کے چیلنجز در پیش ہیں۔