محرم الحرام، دو دن کے تعطل کے بعد ملک بھر میں موبائل فون سروس بحال کر دی گئی
اس موقع پر موبائل فون کالز، ٹیکسٹ مسیجز اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے علاوہ بھی سیکیورٹی کے سخت اننتظامات کیے گئے تھے جن میں ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور گاڑیوں کے کالے شیشوں پر پابندی شامل تھی۔

محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث دو دن تک معطل رکھے جانے کے بعد ملک بھر میں موبائل سروس بحال کر دی گئی۔
واضح رہے کہ محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے پیش نظر اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع سمیت ملک بھر کے بڑے بڑے شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی تھی۔
موبائل فون کالز، ٹیکسٹ مسیجز اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے علاوہ بھی سیکیورٹی کے سخت اننتظامات کیے گئے تھے جن میں ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور گاڑیوں کے کالے شیشوں پر پابندی شامل تھی۔
علاوہ ازیں چمن اور تفتان میں پاک افغان سرحد بھی دو دن کیلئے بند رکھی گئی تاہم طورخم کی سرحد کھلی رکھی گئی۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی بدولت ملک بھر میں محرم الحرام پرامن طور پر گزرا جس کا کریڈٹ حکومت کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے۔
درایں اثناء موبائل فون اور انٹرنیٹ کے صارفین سگنلز جام ہونے ککی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار رہے کہ دوست احباب اور عزیز و اقارب کے ساتھ ان کے روابط منقطع رہے۔
موبائل فون انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے باعث دفتری امور بھی متاثر ہوئے کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کو حکومت کی جانب سے عام تعطیل کے اعلان کے باوجود ایمرجنسی سروسز اور میڈیا دفاتر سمیت بعض ادارے کھلے رہے۔
خیال رہے کہ موبائل سروس کی بحالی کے باوجود بعض مقامات پر اب بھی بعض موبائل فون کمپنیوں کے صارفین کو مشکلات درپیش ہیں کہ سگنلز اور انٹرنیٹ سروس تاحال صحیح طور بحال نہں ہو سکی ہے۔