بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کیلیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کا امکان
اطلاعات کے مطابق میت واپس لانے اور جنازے میں شرکت کے لیے نوازشریف کے لندن روانگی سے متعلق قانونی پہلوؤں پر غور کیا جارہا ہے تاہم ای سی ایل میں نام ہونے کے باعث نوازشریف کو بیرون ملک جانے کے لیے ہائیکورٹ سے خصوصی اجازت لینی ہوگی۔

بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کیلیے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کر گئی ہیں جن کی میت وطن لانے کیلئے شہباز شریف اپنے بیٹے سلمان شہباز کے ہمراہ آج ہی لندن روانہ ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق میت واپس لانے اور جنازے میں شرکت کے لیے نوازشریف کے لندن روانگی سے متعلق قانونی پہلوؤں پر غور کیا جارہا ہے تاہم ای سی ایل میں نام ہونے کے باعث نوازشریف کو بیرون ملک جانے کے لیے ہائیکورٹ سے خصوصی اجازت لینی ہوگی۔
قوی امکان ہے کہ نواز شریف اہل خانہ سے مشاورت کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
خیال رہے کہ جیل قوانین کے تحت کسی بھی قیدی کے قریبی رشتے دار کے انتقال پر نمازجنازہ میں شرکت کے لیے محدود وقت کے لیے پیرول پر ضمانت دی جاسکتی ہے۔
قانون کے تحت پیرول پر قیدی کو پانچ گھنٹے کے لیے رہائی ملتی ہے اور ان پانچ گھنٹوں میں نماز جنازہ میں شرکت لیے جیل سے آنے جانے کا وقت شامل نہیں ہوتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر پیرول پر ضمانت کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو دیں گے جسے یہ اجازت دینے کا اختیار حاصل ہے۔
یہ بھی خیال رہے کہ کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز بھی نیب ریفرنس میں مطلوب ہیں اس لیے میت کے ہمراہ ان کی وطن واپسی کے مسئلے اور مختلف قانونی آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
نیب مقدمے میں اشتہاری ہونے کی وجہ سے نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں کو پاکستان واپسی پر گرفتار کرلیا جائے گا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان واپسی کیلئے حسن اور حسین نواز کو حفاظتی ضمانت لینا ہوگی، جس کیلئے اہل خانہ سے مشورے کے بعد درخواست دائر کی جاسکتی ہے۔
ادھر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، بلاول بھٹو زرداری، میاں افتخار حسین سمیت ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اوردلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ کلثوم نوازبہادرخاتون تھیں، حکومت محترمہ کلثوم نوازکے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نوازکے انتقال پرغمزدہ خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔