ڈاکٹر عارف علوی نے 13 ویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے 13 ویں صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیف آف نیول اسٹاف ظفر محمود عباسی، وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان اور سیاسی شخصیات، مختلف ممالک کے سفیر بھی شریک ہوئے۔
نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے آغاز میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، جس پر تمام شرکاء بصد احترام کھڑے ہوئے، جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
اس کے بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے صدر مملکت عارف علوی سے حلف لیا، جس کے بعد صدر مملکت کی اجازت سے ایک پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
بعد ازاں کابینہ ڈویژن نے عوام کی معلومات کے لیے صدارتی فرمان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان عہدے کا چارج سمبھال لیا ہے۔
خیال رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر عارف علوی 352 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔