عاطف میاں کو ہٹانے پر اقتصادی مشاورتی کونسل کے ایک اور رُکن نے استعفیٰ دے دیا

عاطف میاں کو برطرف کرنے پر وزیرِاعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن ماہر معاشیات ڈاکٹر عمران رسول نے کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
واضح رہے کہ یہ استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا جب حکومت نے ماہر معاشیات عاطف میاں کو کونسل کی رکنیت سے علیحدہ ہونے کی ہدایت کی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ڈاکٹر عمران رسول کا کہنا تھا کہ ’میں بہت دکھ کے ساتھ اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہوچکا ہوں‘۔
With a heavy heart, I have resigned from the EAC this morning. The circumstances in which Atif was asked to step down are ones I profoundly disagree with. Basing decisions on religious affiliation goes against my principles, or the values I am trying to teach my children. (1/5)
— Imran Rasul (@ImranRasul3) September 8, 2018
انہوں نے کہا کہ جن حالات میں عاطف میاں کو کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی گئی تھی وہ ان سے مکمل اختلاف رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر عمران رسول کا کہنا تھا کہ مذہبی تعلق کی بنیاد پر فیصلے ان کے اصولوں کے خلاف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں انہوں نے اقتصادی مشاورتی کونسل میں عاطف میاں کی تقرری کی حمایت میں بات کی اور کہا کہ اگر پاکستان کو اقتصادی مشاورتی کونسل میں کسی کی ضرورت ہے تو وہ عاطف میاں ہیں۔