پاکستان کسی اور ملک کی جنگ کی قیمت ادا نہیں کرے گا، عمران خان
جمعرات کی رات جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم وسائل سے مالا مال ہے اور یہ عظیم قوم بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کسی اور ملک کی جنگ کی قیمت ادا نہیں کرے گا اور قوم کے بہترین مفاد میں آزادانہ خارجہ پالیسی پر عمل کرے گا۔
جمعرات کی رات جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم وسائل سے مالا مال ہے اور یہ عظیم قوم بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ہمیں ریاست مدینہ کی جانب سے وضع کئے گئے اصولوں کی روشنی میں معاشرے کے تمام طبقوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے، تعلیم کے فروغ اور میرٹ کو ترجیح دینا ہوگی۔
انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
عمران خان نے کہا کہ اگر وہ کرکٹر نہ بنتے تو وہ فوج میں شمولیت اختیار کرتے۔
انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کوئی سول اور فوجی تقسیم نہیں ہے اور ہم سب ایک ہی پاکستانی قوم کا حصہ ہیں۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریب میں سول اور فوجی قیادت کی موجودگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہم پاکستان کے نصب العین کے لئے متحد ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام دشمنوں کے خلاف ملک کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 1965ء میں ہم نے اتحاد سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور اسے پسپا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی یکجان ہیں۔
انہوں نے ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ملک پرخوف و دہشت مسلط کیا گیا تاہم ہم نے ملک کے تعاون سے دہشت گردی کو بہادری سے شکست دی۔