قوم آج غازیوں اورشہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم دفاع اورشہداء منارہی ہے
وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اورصوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔مساجد میں نمازفجر کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔شہداء کیلئے فاتحہ اورقرآن خوانی بھی کی جارہی ہے

قوم آج اُن غازیوں اورشہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم دفاع اورشہداء منارہی ہے جو دشمن کی جارحیت کے خلاف مادروطن کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔1965ء میں آج کے دن بھارتی فوج نے پاکستان پرحملے کیلئے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد پار کرلی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اورصوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔مساجد میں نمازفجر کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔شہداء کیلئے فاتحہ اورقرآن خوانی بھی کی جارہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے 6 ستمبر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، یوم دفاع پاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور رواں سال یوم دفاع پاکستان نہایت منفرد ہے۔
عمران خان نے واضح کیا کہ شہدا اور غازیوں نے مادر وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سرانجام دیا
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی یوم دفاع و شہدا کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پرومو جاری کیا، جس میں آرمی چیف شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کرتے نظر آئے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیغام دیا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔
پاک فوج کے سربراہ نے شہدائے پاکستان اور ان کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا۔
دن کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرراولپنڈی میں رات آٹھ سے دس بجے تک ہوگی۔جس میں شہداء کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیاجائے گا۔وزیراعظم عمران خان اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے۔بری فوج کے سربراہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہ ،وزرائ، سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی، سفیر، سفارتکار، فوجی اورسول حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد تقریب میں شرکت کریں گے۔