قندیل بلوچ قتل کیس: ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر مفتی عبدالقوی عدالت سے فرار

جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان کی ایک مقامی عدالت نے سوشل میڈیا سے شہرت پانے والی خاتون قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے میں مذہبی رہنماء مفتی عبدالقوی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی ہے جس کے بعد مفتی عبدالقوی احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے۔

عدالت میں جب مفتی عبدالقوی کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کئے تو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی تاہم عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے کچھ دیر بعد ہی مفتی عبدالقوی وہاں موجود پولیس کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کےلئے چھاپے شروع کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ قندیل بلوچ کی مفتی عبدالقوی کے ساتھ چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد ہی قندیل بلوچ کے بھائی نے انھیں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا۔ اس مقدمے میں جو افراد گرفتار ہوئے تھے ان پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔

Show More
Back to top button