قومی
اقبال ظفر جھگڑا گورنر خیبر پختونخوا نامزد

وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ-ن کے سینئر رہنما اقبال ظفر جھگڑا کو خیبر پختونخوا کا نیا گورنر نامزد کر دیا۔
اقبال ظفر کو گورنر تعینات کرنے کی تجویز ایوان صدر کو بھجوا دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں مہینے کے اوائل میں گورنر سردار مہتاب احمد خان کے مستعفی ہونے کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔
ن-لیگی ذرائع کے مطابق، 14 اپریل، 2014 میں عہدہ سنبھالنے والے سردار مہتاب نے پارلیمانی سیاست میں کردار ادا کرنے کیلئے گورنر کی کرسی چھوڑی۔
پشاور کے قریب ایک گاؤں جھگڑا سے تعلق رکھنے والے اقبال نے سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف کل جماعتی جمہوری تحریک میں متحرک کردار ادا کیا تھا۔ 1947 میں پیدا ہونے والے جھگڑا سابق سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔