قومی

امریکا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو مزید سامان حوالہ کر دیا

امریکا کی حکومت نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہنگامی طبی حفاظتی ترسیلات کی تازہ کھیپ آج حوالہ کردی ہے۔ یہ سامان یو ایس ایڈ کی جان سے پاکستان کو دیا گیا ہے۔ 

ہوائی جہاز کے ذریعہ پہنچنے والی حالیہ امداد میں پاکستان میں شعبہ صحت کے صف اول کے کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے ذاتی تحفظ کے لیے درکار دس لاکھ سے زائد تعداد میں ضروری سامان شامل ہے۔

 اس  موقع پر  یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر جُولی کوئنین  نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ  یہ موقع  امریکی حکومت کے لیے خوشی کا باعث ہے کہ وہ پاکستان میں کووڈ۔۱۹ سے برسرِ پیکار صفِ اول کے کارکنوں کے تحفظ کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ان غیر معمولی حالات میں پاکستان کو  ہنگامی طبی سامان کی فراہمی جاری رکھنے پر کام کرتا رہے گا۔

جون کے اوائل میں بھی  یو ایس ایڈ نے ملک بھر میں ذاتی تحفظ کے سامان اور آکسی میٹرز کی کھیپ فراہم کی تھی۔ عطیات میں کووڈ۔۱۹ کے سدِباب کے لیے مقامی طور پرسامان  کی خریدار ی کے لیے پنتیس لاکھ ڈالر کی اضافی امداد بھی شامل تھی۔ 

2020 میں کووڈ۔۱۹  وبا پھوٹنے سے لیکر اب تک ریاستہائے متحدہ امریکا نے حکومت پاکستان کے ساتھ  اشتراک کار میں تقریبا ً پانچ کروڑ ڈالرکی اضافی معاونت بھی فراہم کی ہے۔ گزشتہ جولائی میں یو ایس ایڈ نے ۲۰۰ وینٹی لیٹرز  فراہم کئے اور پاکستان کے ۶۴ ہسپتالوں میں  ۶۰۰ صحت کارکنوں کو تربیت فراہم کی۔

مزید برآں یو ایس ایڈ نے لیبارٹری سہولیات میں وسعت اور بہتری، بیماری کے پھیلاؤ کی نگرانی ، تمام اضلاع میں متاثرین کا ریکارڈ رکھنے، وبا کی روک تھام اوراُس پر قابو پانے اور مریضوں کی دیکھ بھال کی کوششوں میں بہتری اور وسعت کے اقدامات میں بھی معاونت کی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button