قومی

کورونا وائرس کا شکار ایک اور ڈاکٹر زندگی کی بازی ہار گیا

پاکستان میں ایک اور ڈاکٹر عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر احمد سعید پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی صدرتھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پہلی، دوسری اور تیسری لہر میں اس موذی وباء سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ادھر این سی او سی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 30 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جس کے بعد کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 551 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان میں 658 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہیں۔

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد 14 ہزار 743 ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز سب سے زیادہ سندھ میں متاثر ہوئے، سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد 5 ہزار 577 پہنچ گئی۔این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 150 ہیلتھ کیئر ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

خیال رہے خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اب تک 51 ڈاکٹرز شہید ہوئے ہیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب گزشتہ 24 گھنٹو کے دوران پاکستان میں مزید 112 اموات اور 4 ہزار 976 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 94 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار 158 ہو گئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button