قومی

سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی مسلسل فراہمی کی ہدایت

پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی مسلسل فراہمی جاری رکھنے کی ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق سیکریٹری پاور عرفان علی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز شریک ہوئے اور اجلاس میں سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان پاور  ڈویژن کا کہنا تھا کہ رمضان میں صنعتی یونٹس کو بھی بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی جب کہ بجلی کے سلسلے میں قائم کنٹرول رومز عوامی شکایات ازالہ کریں گے۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے تاہم چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ میٹ آفس کراچی میں مرکزی اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے کی جبکہ دیگر صوبوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔ مرکزی اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین اور پہلی بار وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کا نمائندہ بھی شامل ہوا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا یکم رمضان 25 اپریل بروز ہفتہ ہوگا۔ چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پشاور سمیت ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی اور  اتفاق رائے سے رمضان کے چاند کے بارے میں فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب مسجد قاسم علی خان پشاور نے جمعہ کو پہلے رمضان المبارک کا اعلان کیاہے جس کے بعد آج پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بعض حصوں میں پہلا روزہ ہے۔ مسجد قاسم علی خان پشاور میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی کر رہے تھے۔

اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں خطیب مسجد اور غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ کمیٹی کو شہادتیں موصول ہوئیں، جمعة المبارک کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہو گا۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر محدود افراد اجلاس میں شریک ہوئے، کمیٹی کی جانب سے اپیل کی گئی تھی رویت کی شہادت کے لئیے عوام فون پر رابطہ کریں، ٹیلیفون پر موصول شہادتوں کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button