لائف سٹائل

پشاور: ڈبلیو ایس ایس پی کا ٹیوب ویلوں کی بندش کا اعلان، شہر میں پانی کی قلت کا خدشہ

عصمت خان

واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث آج (اتوار) رات دس بجے سے اپنے ڈیوٹی سے بائیکاٹ کرتے ہوئے تمام ٹیوب ویلوں کی بندش کا اعلان کردیا ہے۔

آل میونسپل ورکرز یونین ڈلیو ایس ایس پی رجسٹرڈ سی بی اے پشاور کے چیئرمین ریاض خان اور جنرل سکریٹری عابد سہیل نے کہا کہ تمام ٹیوب ویل اپریٹروں کو اطلاع دی جاتی ہے کہ آج رات تک پانی کی سپلائی مکمل کریں اور کل 15 مئی 2023  پیر سے  پورے پشاور میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند رہے گی.

اس حوالے سے ڈبلیو ایس ایس پی کے ترجمان حسن علی نے بتایا کہ ڈبلیو ایس ایس پی منیجمنٹ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بھر پور کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیر بلدیات ،سیکرٹری بلدیات اور سیکرٹری فنانس سے کئی میٹنگز کی جاچکی ہیں تاہم تاحال ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کو فنڈز جاری نہیں کئے گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ پانچ دنوں سے میونسپل سینٹری ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہڑتال کی ہوئی ہے جبکہ فنڈز کی عدم دستیابی کیوجہ سے معمول کے صفائی آپریشن اور کچرا ٹھکانے لگانے کا عمل شدید متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایس ایس پی منیجمنٹ حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ میونسپل ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر آپریشنل امور کی انجام دہی کے لیے جلد از جلد فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ پشاور شہر میں لازمی خدمات جس میں صاف پانی کی ترسیل اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا عمل متاثر نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایس ایس پی 450 سے زائد کچرا گاڑیوں کی مدد سے روزانہ 1000 ٹن تک کوڑا کرکٹ پشاور سے جمع کرکے 22 کلومیٹر دور شمشتو کے مقام پر تلف کرتی ہے جبکہ 537 ٹیوب ویلوں کی مدد سے پشاور کے شہری علاقوں اور کمرشل مقامات کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button