لائف سٹائل

ضلع باجوڑ: راغگان ٹو نازکئی 2.8 کلومیٹر سڑک کا افتتاح کر دیا گیا

صوبائی وزیر زکوۃ وعشر اور سماجی بہبود انور زیب خان نے ضلع باجوڑ میں راغگان ٹو نازکئی 2.8 کلومیٹر سڑک کے بحالی چوڑائی اور بلیک ٹاپنگ منصوبے کا افتتاح کر دیا جس پر 56.49 ملین روپے لاگت آئے گی۔

پارٹی اراکین اور قومی مشران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پورے باجوڑ سمیت حلقے میں سڑکوں کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی، مساجد اور ٹیوب ویلوں کیلئے سولرائزیشن اور تعلیمی میدان میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، ان میں حاجی لونگ ٹو پشت، چیلارگام ٹو برملاسید، ٹنڈئی ٹو اسلام گٹ، طورہ غنڈئی ٹو کولالہ، ارنگ مین روڈ، کولالہ ٹو ارنگے اور چینار ٹو غنڈئی کی سڑکیں شامل ہیں جبکہ باجوڑ کیلئے 3 ڈگری کالجز پہلے سے منظور ہو چکے ہیں، ”میں قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔”

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راغگان ڈیم میں کار پارکنگ اور سیاحوں کیلئے ہوٹل بنانے پر کام جاری ہے اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان بہت جلد باجوڑ کا دورہ کر کے کالجز کے افتتاح سمیت راغگان ڈیم کا باقاعدہ دورہ کریں گے جس کے بعد سیکیورٹی کے تحت ڈیم کو عام سیاحوں کیلئے کھولا جائے گا۔

اس کے علاوہ صوبائی وزیر زکواۃ وعشر اور سماجی بہبود انور زیب خان نے ریڈیو پختون خواہ باجوڑ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر انورزیب خان نے علاقہ کے عوام کو سماجی اور معاشی بہتری اور انہیں عالمی، قومی، علاقائی اور مقامی سطح پر ہونے والے اہم واقعات سے اچھے انداز میں باخبر رکھنے اور بالخصوص لوگوں میں حکومت کے عوامی مفادات کے منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے کردار کو سراہا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ریڈیو پختون خواہ باجوڑایف ایم 91.1 کی ٹیم پروفیشنل اور متحرک افراد پر مشتمل ہے جنھوں نے بہت ہی قلیل عرصہ میں بہت کم وسائل میں نہ صرف باجوڑ بلکہ مہمند، ضلع لوئردیر اور اپر دیر سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے زیادہ تر علاقوں کے لوگوں کو ریڈیو پختون خوا ہ کی نشریات اور پروگراموں سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے ریڈیو پختون خوا ہ کے تمام عملہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور ریڈیو پختون خواہ باجوڑ کو موجودہ صوبائی حکومت کی باجوڑ کے عوام کیلئے ایک لازوال تحفہ قرار دیا۔

دوسری جانب ریڈیو کے اسٹیشن منیجر/انچارج محمد قریش (فطرت بونیری) اور دیگر سٹاف نے انور زیب خان کو ریڈیو کی نشریات/پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے سٹاف کے مطالبہ پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریڈیو اسٹیشن کو 50 کے وی ٹرانسفارمر کی فراہمی کا اعلان کیا جو موقع پر فراہم کیا گیا جس کا ریڈیو اسٹیشن کے حکام نے خیر مقدم کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button