بٹگرام : باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے خلاف شاہراہ ریشم پر احتجاج

بٹگرام (ٹی این این ) باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی اور پختون ایس ایف نے شاہراہ ریشم پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کچہری چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔
ریلی شرکاءنے دہشت گردوں اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین نے دو گھنٹوں تک شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا جس کے باعث ٹریفک بری طرح جام ہوگیا جبکہ نادرن ایریاجانے والی ٹرانسپورٹ کئی گھنٹوں تک بند رہی ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صدر ایاز تورخیلی سمیت دیگر ذمہ داروں نے کہا کہ اس ملک میں صرف پختون قوم کو نشانہ بنایا جارہا ہے حکومت ہمیں دہشتگردوں کی نشاندہی کرائیں ہم خود ان سے لڑنے کیلئے تیار ہیں ۔ ظالموں نے جس بے دردی سے طلباءکو شہید کیا آج پوری دنیا اس پر سوگوار ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ پختون قوم کی جنگ ہے انشاءاللہ اب عدم تشدد کا فلسفہ چھوڑ کر دشمن کا ہتھیار سے مقابلہ کرینگے ۔