خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال آج تیسرے دن بھی جاری

خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال آج تیسرے دن بھی جاری رہی جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
ڈاکٹرز کونسل خیبرپختونخوا کے مطابق صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ آج تیسرے روز بھی ہرتال جاری ہے۔
کونسل کا مطالبہ ہے کہ وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان سے فوری طور استعفیٰ لیا جائے اور ان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر نوشیروان برکی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے ڈاکٹروں پر تشدد کیا ہے۔
ڈاکٹروں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ہسپتالوں میں کرپشن میں ملوث بورڈز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، تاہم دوسری جانب ہڑتال کی وجہ سے مریض شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
ہڑتال کی وجہ سے ان کا علاج سرکاری ہسپتالوں میں نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے مریض مجبوراَ نجی ہسپتالوں کا رخ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایل آر ایچ کی او پی ڈی میں بروقت علاج نہ ملنے پر گروں کے عارضے میں مبتلا چارسدہ کی ایک مریضہ کی حالت خراب ہوئی ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ کے ٹی ایچ واقعہ کے بعد دیر اپر کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بھی ڈاکٹروں اور سٹاف نے ڈیوٹی سے انکار کر دیا ہے جس کی وجہ سے مریض علاج معالجے کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔