خیبر پختونخوا
پشاور ہنر میلہ کے اختتام پر رنگا رنگ تقریب

پشاور ( نبی جان اورکزئی) محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ہنر میلہ پشاور میں اختتام پذیر ہوا ، اس موقع پر گزشتہ شب آتش بازی کی گئی جبکہ مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تین روزہ اس میلے میں صوبہ بھر کے ہنر مندوں نے اپنے سٹال سجارکھے تھے ۔ میلے میں علاقائی ثقافت اشیاء پشاوری اور چترالی ٹوپی ‘ شال‘ جیولری ‘ پینٹنگز سمیت لوہے کے بنے برتن اور دیگر اشیاء کے سٹالز موجود تھے۔
اس موقع پر موجود ہنرمندوں کا کہناتھاکہ ایسے میلوں کے انعقاد سے ان کے فن کو فروغ ملے گا اور خواتین ہنرمندوں کی دستکاری کے فن سے بھی لوگ روشناس ہوسکیں گے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ میلے کی وجہ سے انہیں تین روز تک تفریح کا موقع ملا ہے ، میلے سے پوری دنیا کو پیغام ملا ہے کہ پشاور اب بھی زندہ ہے اور یہاں کے لوگ امن پسند ہیں۔