سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اپنی گمشدگی سے متعلق افواہیں مسترد کردیں
سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں محمد آیاز محسود کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد سے ڈیرہ اسمعیل خان اپنے عزیزوں کے ہاں گئے ہیں جہاں وہ خیرخیریت سے ہیں۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر آیاز خان محسود نے اپنی گمشدگی بارے افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گمشدگی کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں محمد آیاز محسود کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد سے ڈیرہ اسمعیل خان اپنے عزیزوں کے ہاں گئے ہیں جہاں وہ خیرخیریت سے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا ذاتی موبائل کہیں گم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خاندان اور دیگر لوگوں کو خدشات لاحق ہوئے۔
سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اپیل کی کہ ان کے بارے افسوسناک خبروں اور اس سلسلے میں اداروں پر الزامات کا سلسلہ بند کیا جائے۔
واضح رہے کہ آج صبح سے مختلف میڈیا چینلز پر محمد آیاز محسود کی گمشدگی بارے خبریں چلتی رہیں جس کی وجہ سے ان کے گھرانے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں میں بھی خوف و ہراس پھیلا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی گمشدگی بارے افواہیں ایک ایسے وقت میں سامنے آئیں جب خیبرپختونخوا پولیس کے ایک اعلیٰ افسر ایس پی طاہر خان داوڑ کو اسلام آباد سے اغوا اور بعد ازاں افغانستان میں شہید کیا گیا۔