افغانستان نے ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستان کے حوالے کردیا
سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم افغان بارڈر پر موجود ہے جب لاش ملے گی تو خیبرپختونخوا پولیس بیان جاری کرے گی۔

خیبر پختون خوا پولیس کے اعلیٰ افسر ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی افغانستان نے پاکستان کے حوالے کردیا۔
ایس پی عبدالسلام خالد کا لنڈی کوتل میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے کے اعلیٰ عہدایدروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں انہیں باقاعدہ سلامی دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام لوازمات مکمل کرنے کے بعد جسدخاکی طورخم بارڈر پہنچایا جائے گا جہاں پولیس اور ایف سی حکام اسے وصول کریں گے۔
دوسری جانب سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم افغان بارڈر پر موجود ہے جب لاش ملے گی تو خیبرپختونخوا پولیس بیان جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ ایس پی طاہر خان داوڑ گزشتہ ماہ اسلام آباد سے لاپتہ گئے تھے تاہم گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ان کے افغانستان میں قتل کیے جانے کی خبریں گرم ہیں۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے تصدیق کی کہ سوشل میڈیا پر وائرل خبر اور تصاویر مصدقہ ہیں اور مغوی ایس پی داوڑ سرحد پار قتل کیے جاچکے ہیں۔