کرم تنگی ڈیم کے دوسرے فیز پر کام کا جلد سے جلد آغاز کیا جائے۔ جرگہ شرکاء کا مطالبہ
لکی مروت کے عمائدین نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو دھمکی دی کہ ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو لکی، بنوں، شمالی وزیرستان اور کرک کے لاکھوں عوام اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا گزیں ہوں گے۔

لکی مروت کے قبائلی عمائدین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کرم تنگی ڈیم کے دوسرے فیز پر کام کا جلد سے جلد آغاز کیا جائے۔
اس سلسلے میں ضلعی ناظم اقبال حسین کی زیرصدارت ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے شرکت کی۔
جرگہ کے شرکاء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے چندہ مہم جاری ہے جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں اور ایک احسن اقدام بھی ہے لیکن عمران خان کی حکومت کو ان ڈیموں پر بھی توجہ دینی چاہیے جن پر پہلے سے کام جاری ہے۔
مشران کا کہنا تھا کہ کرم تنگی ڈیم کی تعمیر سے لکی مروت، بنوں، شمالی وزیرستان اور کرک کی لاکھوں ایکڑ زمین قابل کاشت بن جائے گی، جنوبی اضلاع میں ایک سبز انقلاب بپا ہوگا اور 84 میگاواٹ بجلی کی پیداوار الگ سے ہوگی۔
جرگہ شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ دریائے کرم اور گمبیلا میں پانی کی سطح میں کمی کے باعث علاقے کی زمینیں بنجر ہو گئیں جبکہ اہل علاقہ کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اس لیے کرم تنگی ڈیم کے فیز ٹو پر فوراَ سے بھی پیشتر کام کا آغاز ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں سیف اللہ خاندان ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
لکی مروت کے عمائدین نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو دھمکی دی کہ ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو لکی، بنوں، شمالی وزیرستان اور کرک کے لاکھوں عوام اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا گزیں ہوں گے۔