خیبر پختونخوا

عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما افراسیاب خٹک اور بشریٰ گوہر کی پارٹی رکنیت معطل

پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے شوکاز نوٹس کے تفصیلی جوابات جمع کیے گئے جس سے پارٹی مطمئن نہیں ہوئی کیونکہ شوکاز نوٹس کے باوجود دونوں رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جو پارٹی ورکرز کے ذہنی انتشار کا باعث بنیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پارٹی کے سینئر رہنما افراسیاب خٹک اور بشریٰ گوہر کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔

باچا خان مرکز پشاور سے اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے اس سلسلے میں باقاعدہ ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق دونوں رہنماؤں کو پارٹی دسپلن کی خلاف ورزی پر متعدد بار متنبہ کیا گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ افراسیاب خٹک اور بشریٰ گوہر کی رکنیت پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور کارکنوں میں انتشار پھیلانے کے باعث معطل کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے شوکاز نوٹس کے تفصیلی جوابات جمع کیے گئے جس سے پارٹی مطمئن نہیں ہوئی کیونکہ شوکاز نوٹس کے باوجود دونوں رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جو پارٹی ورکرز کے ذہنی انتشار کا باعث بنیں۔

اے این پی کے سیکرٹری جنرل کے مطابق دونوں رہنماؤں کے جواب سے پارٹی مطمئن نہیں لہٰذا پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پارٹی آئین کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کردی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button